• Daily Updates

    (ن) لیگ حکومت مارچ تک نہیں رہے گی، طاہر القادری





    لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مارچ تک نہیں رہے گی۔
    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ درندگی کے واقعات پر نوٹس لینا قابل تحسین اقدام ہے اور کراچی میں نقیب محسود کے قتل پر نوٹس لیا گیا لیکن لاہورکے راؤ انواروں پر ہاتھ کب ڈالا جائے گا؟۔
    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں درجنوں راؤ انوار موجود ہیں اور ان میں سے کوئی معطل نہیں ہوا بلکہ وہ سب محفوظ ہیں۔
    ان کا کہنا تھا کہ کمیشن نے بھی کہا ہےکہ یکطرفہ فائرنگ کی گئی تھی، ماڈل ٹاؤن واقعے میں یکطرفہ گولیوں کی بوچھاڑ ہوئی اور منہاج القران کےکسی کارکن نے گولی نہیں چلائی لیکن فائرنگ کرنے والے کسی پولیس اہلکار کو سزا نہیں ملی۔
    علامہ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ زینب قتل کیس کے ملزم عمران کی گرفتاری کے بعد بھی ایک 5 سال کا بچہ اغوا ہوگیا ہے اور اگر کوئی گینگ نہیں ہے تو بچہ کس طرح اغوا ہوا جس کا پتہ چلانا ہوگا۔
    انہوں نے کہا کہ پچھلے چند دنوں سے نواز شریف اور شہباز شریف مجھ پر بہت مہربان ہیں اور ہر جلسے میں مال روڈ لاہور کے جلسے کی ناکامی کا اعلان کرتے ہیں۔
    ان کا کہنا تھا کہ اگر مخالف کا جلسہ ناکام ہوگیا ہو اور کرسیاں خالی رہ گئی ہوں تووہ تو خود مر جائیں گے اور اگر ہمارا جلسہ ناکام ہوگیا تو آپ کو مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے؟ لیکن ان کے دلوں میں ہمارا خوف ہے۔
    سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا ہے کہ نواز شریف صاحب آپ خالی کرسیوں سے بھی خوفزدہ ہیں اور آپ کا خوف درست ہے کیوں کہ آپ جانے والے ہیں۔
    انہوں نے کہا کہ نواز شریف آپ کہتے ہیں آپ کی نااہلی کے بعد ڈرون حملے شروع ہوگئے ہیں، تو کیا ڈرون حملے کرنے والے نواز شریف کے دوست ہیں جو ان کو دوبارہ اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں؟،آپ فرمائش کرکے ڈرون حملے اور سرحد پر کشیدگی بڑھائیں مگر یہ سب ناکام ہوگا۔ 
    ان کا کہنا تھا کہ ملکی، سیاسی جماعتوں کے حالات کے پیش نظر احتجاج کی حکمت عملی کو محفوظ رکھتے ہیں اور گھنٹوں کے نوٹس پر پاکستان عوامی تحریک لوگوں کا سمندر اکٹھا کرسکتی ہے۔
    علامہ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ سیاسی اور قانونی حکمت عملی پر فوکس کررہے ہیں، اسی لیے جب اور جس وقت ضرورت پڑی احتجاج کریں گے اور 17 جنوری کے احتجاج کیلیے کہا تھا کہ یہ ابتدا ہے کوئی دعویٰ نہیں کیا تھا۔
    انہوں نے کہا کہ قانونی جنگ میں کسی مشاورت کی ضرورت نہیں کیوں کہ تمام جماعتیں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہمارےساتھ ہیں۔
    نواز شریف کی جانب سے جلسہ عام میں نقل اتارنے سے متعلق طاہر القادری کا کہنا تھا کہ وہ میری نقل نہ اتاریں میری عقل اتاریں اور حوصلہ نہ پست ہوا نہ ہوگا کیوں کہ میرا حوصلہ میرے کارکن ہیں۔
    ان کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ حکومت مارچ تک نہیں رہے گی اور کبھی نہیں کہا کہ بیرون ملک نہیں جاؤں گا بلکہ میری بیرون ملک کی مصروفیات رہتی ہیں تاہم اگر احتجاج کرنا ہوا تو اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔

    Powered by Blogger.